حملہ یمن سے ہوا اور نشانہ شام کو بنایا
اسرائیلی فوج نے ایلات شہر پر ڈرون حملے کے جواب میں شام میں اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ نیٹ پلس نے یمن میں انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہونے کی اطلاع دی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق، اسرائیلی فوج نے آج دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایلات شہر پر ڈرون حملے کے جواب میں شام میں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
صیہونی فوج نے ڈرون حملے کا ذمہ دار شامی حکومت کو قرار دیا ہے جبکہ یمنی فوج نے مقبوضہ فلسطین کے بندرگاہی شہر ایلات پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے جمعرات کی شام اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم نے صیہونی دشمن کے مختلف حساس اہداف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا جن میں ایلات شہر کے جنوب واقع میں فوجی اہداف بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے میزائل ایلات میں ہدف پر براہ راست حملہ کرنے میں کامیاب رہے جبکہ صیہونی دشمن اس حقیقت کو چھپا رہا ہے۔
جمعہ کے روز، نیٹ بلاکس ویب سائٹ نے یمن میں انٹرنیٹ سروس کے مکمل طور پر خلل کی اطلاع دی جس کا تعلق مقبوضہ فلسطین پر یمن کے حملوں سے ہو سکتا ہے۔
نیٹ بلاکس ویب سائٹ نے اطلاع دی ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش یمن اور تحریک انصار اللہ کی حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں واقع ہوئی ہے اور اس واقعے نے ٹیلی کمیونیکیشن آپریٹر کو مکمل طور پر درہم برہم کر دیا ہے۔