غزہ جنگ: مزید 5 اسرائيلی فوجیوں کی ہلاکت
غزہ میں جاری جنگ میں غاصب اسرائیلی حکومت کے مزید 5 فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: غاصب اسرائیلی حکومت کی فوج نے بتایا کہ غزہ میں جاری جنگ کے دوران اس کے 5 فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ شہاب خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے 5 فوجیوں میں 4 پیرا شوٹر کمانڈو تھے جو سرنگ میں دھماکہ ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔ اس دھماکے میں ایک صیہونی فوجی افسر اور 4 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
صیہونی ذرائع نے گزشتہ روز بھی غزہ میں زمینی کارروائی کے دوران 2 صیہونی فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کیا تھا۔
دریں اثنا، غاصب اسرائیلی فوج کے ترجمان دانیل ہاگاری نے ہلاک اور زخمی ہونے والے اپنے فوجیوں کے نئے اعداد و شمار جاری کئے ہیں۔ غاصب فوج کے ترجمان کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک 365 صیہونی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔
غاصب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے اس کے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ صیہونی فوج نے غزہ میں فلسطینی استقامتی محاذ کے میزائل لانچ مراکز پر وسیع حملے کئے ہیں لیکن اس دعوے کا جھوٹا ہونا اس بات سے ثابت ہے کہ فلسطینی استقامتی محاذ کے مجاہدین صیہونی بستیوں اور صیہونی اہداف پر روزانہ کئی کئی بار راکٹوں اور میزائلوں سے حملے کر رہے ہیں۔