28 فلسطینیوں کی مظلومانہ شہادت
غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ کے جنوب میں واقع شہر خان یونس کے ایک رہائشی علاقے پر وحشیانہ بمباری کی جس میں 28 فلسطینی نہایت مظلومیت کے ساتھ شہید ہو گئے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے غزہ میں المغازی کیمپ کی مسجد، انڈونیشین اسپتال کے اطراف کے علاقوں اور غزہ کے شمال میں واقع جبالیہ کیمپ پر بھی بمباری کی۔ صیہونی فوج نے مشرقی غزہ کے مختلف علاقوں پر گولہ باری کی جبکہ غزہ میں الزہرا علاقے پر کی جانے والی بمباری میں الوفا اسپتال کے سربراہ مدحت محسن اپنے کئی ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے۔
غزہ کے ذرائع ابلاغ کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ پر وحشیانہ صیہونی حملوں کے آغاز سے اب تک بارہ ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 5000 بچے اور 3300 عورتیں شامل ہیں جبکہ فلسطینی بچوں اور عورتوں سمیت 29 ہزار سے زائد دیگر فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔ موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 3750 فلسطینی اس وقت بھی صیہونی حملوں میں تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔