صیہونی فوج اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید لڑائی
خبر رساں ذرائع نے وسطی اور شمالی غزہ پر صیہونی حکومت کے ہوائی اور بھاری توپ خانے کے حملوں کے ساتھ ہی، صیہونی فوج اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید لڑائی کی خبر دی ہے۔
سحر نیوز/عالم اسلام: موصولہ خبروں کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں آج بھی درجنوں عام شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔ جنوب مشرقی علاقے الزیتون کے رہائشی مکانات اور طبی مراکز پر صیہونی فوجیوں نے بڑا حملہ کیا ہے-
فلسطینی ذرائع نے ان خبروں کے ساتھ ہی مشرقی خان یونس میں یورپی ہسپتال کے اطراف میں صیہونی فوجیوں کے تازہ ترین حملوں کا بھی ذکر کیا ہے- صیہونی حکومت کی فوج شمالی غزہ پر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی طرح غزہ کے مرکز میں النصیرات کیمپ میں ایک رہائشی عمارت پر بمباری کےنتیجے میں بیس اور فلسطینی شہید ہوگئے-
فلسطینی خبر رساں ایجنسی شہاب کے مطابق النصیرات کیمپ میں عبدالعظیم الحاج کے گھر پر بھی جارح اسرائیلی فوج نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجےمیں گھر کے ملبے تلے متعدد افراد دبے ہوئے ہیں- اسی طرح صیہونی فوج نے شمالی غزہ میں، جبالیا کیمپ میں واقع فالوجا علاقے میں پناہ گزینوں کےایک مدرسے پر بمباری کی ہے- صیہونی حکومت کے بمبار طیاروں نے بیت لاہیا کے علاقوں پر بھی بم گرائے ہیں- شمالی غزہ میں کمال عدوان ہسپتال کی سڑک پر بھی صیہونی حکومت نے ہوائی اور توپخانے کے حملے کئے ہیں- ان حملوں کے ساتھ ہی شہر غزہ اور اس کے شمال کے بعض علاقوں میں مزاحمت کے جیالوں اور غاصب صیہونی فوجیوں کے درمیان گھمسان کی لڑائی ہو رہی ہے-