Nov ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۹:۴۱ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی میں عارضی جنگ بندی کل صبح 7 بجے سے

قطر کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں عارضی جنگ بندی کا عمل کل جمعہ صبح 7 بجے سے شروع ہوگا اور قیدیوں کے پہلے گروپ کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب اسرائیلی حکومت کے خلاف تحریک حماس کی جانب سے شروع کئے گئے "طوفان الاقصیٰ" آپریشن کو 48 دن گزرنے اور غزہ پٹی پر زمینی حملے میں غاصب فوج کی شکست کے بعد گزشتہ روز اسرائیلی کابینہ قطر اور مصر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کو قبول کرنے پر مجبور ہوگئی۔

المیادین نیوز چینل کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری نے جمعرات کو بتایا کہ غزہ پٹی میں عارضی جنگ بندی کل (جمعہ کو) مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے شروع ہوگی اور قیدیوں کے پہلے گروپ کا تبادلہ شام 4 بجے انجام پائے گا۔

تحریک حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے غزہ کی پٹی میں کل سے 4 دن کے لیے عارضی جنگ بندی کے معاہدے پر عمل درآمد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران فریقین کی طرف سے تمام فوجی کارروائیاں روک دی جائیں گی۔

خبررساں ایجنسی شہاب کی رپورٹ کے مطابق القسام بریگیڈ نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ غزہ پٹی کے جنوب میں غاصب اسرائیل کے جنگی طیاروں کی پروازیں مکمل طور پر روک دی جائیں گی، زور دے کر کہا کہ اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ جنگی طیارے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک روزانہ چھ گھنٹے شمال میں اور غزہ شہر پر پرواز نہیں کریں گے۔

القسام بریگیڈ کے مطابق ایک اسرائیلی قیدی کے بدلے تین فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا جائے گا نیز ان چار دنوں میں 50 صیہونی قیدی خواتین اور بچوں کی رہائی عمل میں آئے گی۔

معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ روزانہ 200 ٹرک انسان دوستانہ اور طبی امداد لے کر غزہ کے تمام علاقوں میں جائیں گے۔

 

ٹیگس