حزب اللہ کے حملوں میں اسرئیل کو کافی جانی اور مالی نقصان ہوا: صیہونی میڈیا
عبری زبان کے الیکٹرانیک اور پرنٹ میڈیا، حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیاروں سے غاصب صیہونی حکومت کو پہنچنے والے بعض نقصانات کو منظر عام پر لے آئے ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: روزنامہ معاریو نے اس سلسلے میں لکھا ہے کہ حزب اللہ کے ڈرون طیاروں اور اینٹی ٹینک میزائلوں نے اسرائيل کی شمالی سرحدوں پر اسے وسیع پیمانے پر جانی نقصان پہنچایا ہے۔
عبری زبان میں شائع ہونے والے اس روزنامہ کے مطابق مقبوضہ فلسطین کی فضائی حدود میں جیسے ہی ڈرون طیارہ داخل ہوتا ہے تو مختلف علاقوں میں فوجیوں کو چوکس کر دیا جاتا ہے، خطرے کے سائرن بجا دیئے جاتے ہیں اور الجلیل کے علاقے میں بہت سے صیہونی آبادکار سراسیمگی کے عالم میں پناہ گاہوں کی جانب بھاگتے ہیں۔
غاصب صیہونی فوج کے ترجمان نے بھی حیفا میں رونما ہونے والے واقعے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے روزنامہ یدیعوت آحارانوت سے کہا ہے کہ فوج نے لبنان کی سرحدوں سے آنے والا ایک ڈرون مار گرایا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب اسرائيل کی ہوم فرنٹ کمانڈ نے متضاد بیانات دیتے ہوئے دعوی کیا ہے کہ ڈرون کی انٹرسیپشن نہیں کی گئی ۔