Nov ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۸ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی ہماری ریڈ لائن ہے: اردنی وزیراعظم

اردن کے وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی ہماری ریڈ لائن ہے اور اسرائیل کا یہ اقدام اردن کے ساتھ صلح معاہدے میں رخنہ اندازی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: اردن کے وزیراعظم بشر الخصاونہ نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو زبردستی نقل مکانی پر مجبور کرنا امن کے خلاف اور درحقیقت اعلان جنگ اور دشمنانہ اقدام ہے جو نہ صرف مسئلہ فلسطین کو تباہ کرنے کے مترادف ہے بلکہ اردن کی قومی سلامتی کے بھی منافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملے پر مغرب کا ردعمل علاقے میں بہت زیادہ مایوسی و ناامیدی کا باعث بنا ہے ۔

قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے بھی مغربی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا ہے کہ اسرائیل کے حملے پر مغرب کا ردعمل علاقے میں بہت زیادہ مایوسی و ناامیدی کا موجب بنا ہے۔

قطر کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ مغربی ممالک بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کریں گے۔

قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے کہا کہ جنگ غزہ اور فلسطینیوں کے قتل عام کی تصاویر دیکھ کر عرب حکمرانوں میں سخت برہمی پائی جاتی ہے۔انھوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام کا جو قتل عام ہوا ہے اس کی کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔

عمان کے مفتی احمد بن حمد الخلیلی نے بھی غزہ کی بہادر قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ اس بہادر قوم نے فتح کی بھاری قیمت ادا کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ ایسی پیاری قوم کو جو میدان عمل میں رہتی ہے اپنے مضبوط و مستحکم موقف سے سوئی کی نوک کے برابر بھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہئے اور اسے مسلسل اپنی کامیابی کی راہ پر آگے بڑھتے رہنا چاہئے۔

ٹیگس