غاصب اسرائیلی فوج کا وحشی پن، چند منٹ میں غزہ پر 50 حملے
غاصب اسرائیلی حکومت کی فوج نے اپنی وحشیانہ ماہیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چند منٹ میں ہی غزہ پٹی کے رہائشی علاقوں پر 50 فضائی حملے کئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین ٹی وی چینل کے مطابق آج ہفتے کی صبح غاصب اسرائیلی حکومت کے جنگی طیاروں نے خان یونس کے القرارہ علاقے پر صرف چند منٹ میں ہی 50 فضائی حملے کیے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی حکومت کی جنگی کشتیوں نے بھی خان یونس کے ساحلوں پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔
صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے دیر البلاح کے مشرق میں اور غزہ کی پٹی کے وسط میں الیرموک مارکیٹ کے اطراف میں رہائشی مکانات پر بھی بمباری کی۔
دریں اثنا، المیادین چینل نے ہی ایک دیگر رپورٹ میں بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی کے علاقے الشیخ رضوان میں فلسطین کے استقامتی محاذ کے مجاہدین اور غاصب اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں غیر معمولی طور پر شدت اختیار کر گئی ہیں۔
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کل سے اب تک غاصب اسرائیلی فوج کی جارحیت میں فلسطینی شہدا کی تعداد 200 اور زخمیوں کی تعداد 589 تک پہنچ گئی ہے جن میں اکثر بچے ہیں۔