غزہ پٹی میں فلسطینی مجاہدین کے حملے میں اسرائیلی فوج کی 8 بکتر بند گاڑیاں تباہ
فلسطینی مجاہدین نے غزہ پٹی میں صیہونی حکومت کی آٹھ بکتر بند گاڑیوں پر حملہ کرکے انہیں تباہ کردیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: خبررساں ایجنسی شہاب کے مطابق عزالدین الاقسام بریگیڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بریگیڈ کے مجاہدین نے غزہ کے علاقے دیر البلاح کے مشرق میں غاصب صیہونی حکومت کی پانچ بکتر بند گاڑیوں کو بموں اور "الیاسین 105" راکٹوں سے نشانہ بنایا۔ القسام بریگیڈ نے کہا کہ ان میں سے 3 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
ادھر فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کی فوجی شاخ سرایا القدس نے کہا ہے کہ غزہ کے شمال مغرب میں واقع بیت حانون اور التوام کے علاقوں میں صیہونی حکومت کی تین فوجی گاڑیوں اور ایک بلڈوزر کو "تاندوم" راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ غاصب حکومت کے فوجی ٹھکانے "مارس" پر بھاری مارٹر گولوں سے حملہ کیا گیا ہے۔
جمہوری محاذ برائے آزادی فلسطین کے مجاہدین نے بھی صیہونی حکومت کے جرائم کے جواب میں "صوفہ" فوجی اڈے پر مارٹر گولوں سے حملہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے ساتھ ہی اسرائیلی فوج نے غزہ پر دوبارہ حملے شروع کر دیے اور فلسطین کے استقامتی محاذ نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں صہیونی بستیوں پر بمباری کی ہے۔