امریکی بحری جنگی جہاز پر یمنی فوج کا حملہ
یمن کی انصاراللہ نے بحیرہ احمر میں امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق امریکی فوجی حکام نے بھی اس حملے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرلی برک قسم کے یو ایس ایس کارنی ڈی ڈی جی چونسٹھ گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر، مغربی یمن میں الحوثی گروہ کے میزائل حملے کا نشانہ بنا ہے۔ اس سے قبل یہ ڈسٹرائر جنوبی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوجی ٹھکانوں پر انصاراللہ کے میزائل حملوں کو روکنے میں سرگرم رہا ہے۔
دوسری جانب غاصب صیہونی حکومت کے ایک اقتصادی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ یمنیوں سے بڑھتے خطرے کے پیش نظر اسرائيل، ایلات بندرگاہ کو ایک عرصے کےلئے بند کرنے پر مجبور ہوجائےگا۔ صیہونی اخبار گلوبس نے بھی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اسرائیل کے خلاف یمن کی مسلح افواج کی بحری کارروائیوں کے نتیجے میں ایلات بندرگاہ کو خاصا نقصان پہنچا ہے جس کی بنا پر اسرائيل کی وزارت صنعت اس بندرگاہ کو بند کرنے پر غور کر رہی ہے۔