Dec ۱۲, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۷ Asia/Tehran
  • یمنی فوج کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا حکم

یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ اور یمنی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف نے اپنے ملک کی فوج کو کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المسیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ اور یمنی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف مہدی المشاط نے منگل کے روز اپنے ایک خطاب میں کہا کہ آج غزہ میں دشمن کے جرائم کوئی نئی بات نہیں ہیں بلکہ اس کی تشکیل کے بعد سے ہی اس کے ریکارڈ میں انسانیت مخالف جرائم رہے ہیں۔

مہدی المشاط نے اس بات پر زور دیا کہ یمن  کی طرف سے فلسطین اور قدس کا دفاع اور اس عظیم جنگ اور مشکل حالات میں غزہ کی ہماری حمایت یمن، یمنی قوم اور پوری انسانیت کا دفاع ہے۔

انہوں نے اپنے ملک کی مسلح افواج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلیوں کی جانب سے عنقریب سامنے آنے والے خطرات اور کشیدگی میں اضافے کے پیش نظر ہمیں اور آپ کو دشمنوں پر کاری ضرب لگانے کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لانا ہے۔

یمن کے اس اہلکار نے یمن کے خلاف صیہونی حکومت اور امریکہ کی دھمکیوں کے جواب میں اپنے ملک کی مسلح افواج کو حکم دیا کہ ہر ممکنہ صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاری کی سطح کو بڑھایا جائے۔

 

ٹیگس