غاصب اسرائیلی فوج نے غزہ میں اپنے مزید 10 فوجیوں کی ہلاکت کا اعتراف کرلیا
اسرائیلی فوج نے آج بدھ کو اعتراف کیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران غزہ میں 10 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے ہیں۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یروشلم پوسٹ اخبار کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی پر زمینی حملے میں غاصب اسرائیلی حکومت کی فوج کے جانی نقصان کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی درمیان صیہونی حکومت کی فوج نے ایک بیان میں اعتراف کیا ہے کہ منگل کی شام کو تقریباً ساڑھے چار بجے اسرائیلی فوجیوں پر، جو غزہ شہر کے ایک علاقے الشجاعیہ پر زمینی حملے کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے، استقامتی مجاہدین نے گھات لگا کر حملہ کردیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی یونٹوں کا مجموعہ جس میں گولانی بریگیڈ اور انجینئرنگ اہلکار شامل تھے، ایک مخصوص عمارت اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کارروائی کا ارادہ رکھتے تھے اسی وقت ان کو شدید فائرنگ اور متعدد دھماکوں کا سامنا کرنا پڑا۔
اسرائيلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کو ابھی یہ پتہ نہیں لگا ہے کہ یہ دھماکے کس نوعیت کے تھے، کار بموں کے یا دستی بموں کے دھماکے تھے لیکن حماس کے افراد، جو عمارتوں کے بالائی مقامات پر موجود تھے، اسرائیلی فوجیوں پر دو طرف سے حملہ کردیا۔
اس رپورٹ کے مطابق استقامتی مجاہدین کے گھات لگا کر کئے گئے کامیاب حملے میں کم از کم 10 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔
واضح رہے کہ غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والےغاصب فوجیوں کی تعداد 115 ہو گئی ہے۔