ابوعبیدہ: غزہ میں فلسطینی مجاہدین کے حملے میں مزید 36 صیہونی فوجی ہلاک
حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ٹیلیگرام پر ایک پیغام جاری کرکے بتایا ہے کہ اس بریگیڈ کے سپاہیوں نے صیہونی حکومت کے چھتیس فوجیوں کو ہلاک کیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے بتایا ہے کہ استقامتی محاذ کے بہادر نوجوانوں نے گذشتہ بہتر گھنٹوں میں صیہونی حکومت کے بہتر ٹینکوں اور فوجی گاڑیاں تباہ کی ہیں۔ القسام بریگیڈ کے ترجمان کے مطابق راکٹ حملوں، قریب سے کئے جانے والے حملوں، اور ماہر نشانے بازوں کی ٹارگٹیڈ فائرنگ میں دشمن کے درجنوں فوجی زخمی بھی ہوئے اور بھاری مقدار میں ان کا فوجی سازوسامان بطور مال غنیمت حاصل ہوا۔ ابوعبیدہ نے بتایا ہے کہ القسام بریگیڈ کے مجاہدین نے مختلف سیکٹروں پر دشمن فوج کے مراکز اور فوجی دستوں پر مارٹر توپوں، راکٹوں اور میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ استقامتی محاذ کے سپاہیوں نے جمعرات کو بھی غزہ میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ جنگ میں آٹھ ٹینکوں اور بکتر فوجی گاڑیوں کو تباہ اور درجنوں فوجیوں کو ہلاک کیا جن میں دس افسران بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس نے بھی غزہ کے الزیتون، شجاعیہ اور شیخ رضوان کے محاذوں پر صیہونی فوج کو میزائلی حملوں اور گولی باری میں بھاری نقصان پہنچانے کی خبر دی ہے۔ سرایا القدس کے سپاہیوں نے صیہونی حکومت کے"صوفا" فوجی مرکز اور جارح فوجیوں کے ایک اجتماع پر راکٹوں سے حملے کی بھی خبر دی ہے۔