Dec ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۲ Asia/Tehran
  • انصاراللہ نے اسرائیل کو دھمکی دیدی

یمن کی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے خبردار کیا ہے کہ غزہ پر اگر جارحیت بند نہیں کی گئی تو یمن کی فوجی کارروائی کا دائرہ مزید وسیع ہو جائے گا اور مقبوضہ فلسطین تک پھیل جائے گا۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے غاصب صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں اور اس غاصب حکومت کے بحری جہازوں کے خلاف فوجی حملے بند کئے جانے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت ان فوجی کارروائیوں میں پہنچنے والے نقصانات کو پوشیدہ رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بحیرہ احمر میں مقبوضہ فلسطین جانے والے بحری راستے تقریبا بند ہو چکے ہیں ۔

انصاراللہ کے ترجمان محمد عبد السلام نے بھی ہفتے کی رات بحیرہ عرب اور بحیرہ احمر میں یمن کی مسلح افواج کی کارروائیوں کے بارے میں بین الاقوامی فریقوں سے مذاکرات ہونے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات عمان کی نگرانی میں ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف ملاقاتیں ہو رہی ہیں اور ان ملاقاتوں میں تاکید کی جا رہی ہے کہ یمن کا موقف تبدیل ہونے والا نہیں ہے اور جب تک غزہ کے خلاف جارحیت کا سلسلہ بند اور اس کا محاصرہ نیز اس علاقے میں انسان دوستانہ امداد وسیع پیمانے پر روانہ نہیں کی جائے گی غاصب صیہونی حکومت کے بحری جہاز یمن کی مسلح افواج کے حملوں کا نشانہ بنتےرہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کسی بھی ایسے اقدام سے کشیدگی میں کمی آسکتی ہے کہ جس سے فلسطین اور غزہ میں دواؤں اور غذائی ایشیا کی ترسیل کی صورت حال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج نے گذشتہ چند ہفتوں کے دوران غزہ میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کی حمایت میں بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں غاصب صیہونی حکومت کے کئی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ یمن کی بحریہ نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ جب تک غزہ میں عام شہریوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا اس طرح کی فوجی کارروائياں مسلسل جاری رہیں گی۔

ٹیگس