Dec ۱۸, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۷ Asia/Tehran
  • یمن: غزہ پر حملے بند ہونے تک بحیرہ احمر میں کارروائیاں جاری رہيں گی

یمن کی تحریک انصاراللہ نے اس بات کا ایک بار پھر اعلان کرتے ہوئے کہ غزہ پر جارحیت بند ہوئے بغیر بحیرہ احمر میں کارروائياں بند نہیں ہوسکتیں، کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر کوئي سودے بازی نہیں ہوسکتی۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے یمن کی کارروائیوں سے صیہونی دشمن کی معیشت پر مرتب ہونے والے تباہ کن منفی اثرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے مظلوم عوام پر جاری مظالم کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بحیرہ احمر میں صیہونی دشمن کے بحری جہازوں کے علاوہ کسی بھی بحری جہاز کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور یمن کی مسلح افواج صرف صیہونی دشمن کے بحری جہازوں کو ہی نشانہ بنا رہی ہیں۔ یمن کی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا کہ فلسطین کے بارے میں یمن کا موقف ایک قومی، دینی اور اخلاقی اصول کا آئینہ دار ہے اور وہ، صیہونی حکومت کو اسلامی ملکوں اور امت مسلمہ کے لئے ایک بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔
واضح رہے کہ یمن کی مسلح افواج نے گذشتہ چند ہفتوں کے دوران غزہ میں فلسطین کی تحریک مزاحمت کی حمایت میں بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں غاصب صیہونی حکومت کے کئی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔ یمن کی بحریہ نے اس سے قبل خبردار بھی کیا تھا کہ جب تک غزہ میں عام شہریوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جاتا رہے گا اس طرح کی فوجی کارروائياں مسلسل جاری رہیں گی۔

ٹیگس