اسرائیلی فوج نے7 اکتوبر کو صیہونی آبادکاروں پر ٹینک سے حملہ اور 13 صیہونیوں کو ہلاک کردیا تھا، اسرائیلی اخبار کا انکشاف
ایک اسرائیلی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر کو غزہ پٹی کے اطراف میں صیہونی آبادکاروں پر ٹینک سے حملہ کیا تھا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق صہیونی اخبار ہاآرتص Ha'aretz نے آج منگل کے روز انکشاف کیا ہے کہ گزشتہ 7 اکتوبر کو اسرائیلی فوج کے ٹینکوں نے دو گھروں کو نشانہ بنایا تھا جہاں صیہونی کالونی "بیری" کے صیہونی قیدی موجود تھے۔
اس اخبار نے لکھا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر کو طوفان الاقصیٰ آپریشن شروع ہوتے ہی 13 صہیونیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس اخبار کے مطابق اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر کو غزہ پٹی کے اطراف میں صہیونی بستیوں میں واقع ایک گھر پر بمباری کرکے 13 اسرائیلیوں کو ہلاک کر دیا۔ ہا آرتص اخبار نے مزید لکھا ہے کہ فوج نے یہ کام ان صیہونیوں کو قیدی بنائے جانے کے خوف سے انجام دیا۔
قبل ازیں، اسرائیلی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے اعتراف کیا تھا کہ 7 اکتوبر (2023) کو اسرائیلی فوج کے ہاتھوں صیہونی آبادکاروں کی ایک تعداد ہلاک ہوئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ صیہونی آبادکاروں کے قتل میں اسرائیلی حکومت کے ملوث ہونے کے بارے میں ایک دیگر صہیونی اخبار "یدیعوت آحارنوت" کی تحقیقات کے بعد صیہونی حکومت کے چینل 12 نے حال ہی میں کچھ خاتون صیہونی فوجیوں کا انٹرویو نشر کیا تھا جس میں انہوں نے اعتراف کیا تھا کہ 7 اکتوبر کو خود صیہونی فوجیوں نے ہی صیہونی آبادکاروں کے گھروں کی طرف فائرنگ کی تھی۔
اسرائیلی فوج نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ فوج نے صیہونی آبادکاروں کو فلسطینی سمجھ کر گولی چلائی تھی۔