غزہ میں ملبے سے 70 شہیدوں کی لاشیں برآمد، صیہونیوں نے 56 رہائشی عمارتوں کو دھماکے سے اڑادیا
فلسطینی ذرائع ابلاغ نے آج بدھ کی شام کو غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری رکھنے اور غزہ میں ملبے سے 70 شہدا کی لاشیں برآمد ہونے کی خبر دی ہے۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: الجزیرہ چینل کی رپورٹ کے مطابق غزہ شہر کے علاقے "الثلاشینی" سے صہیونی فوج کے انخلا کے بعد ملبے تلے سے 70 شہدا کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
ادھر خبررساں ایجنسی شہاب نے غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع رفح علاقے میں "الکویتی" ہسپتال کے اطراف میں صیہونی حکومت کے شدید حملوں کی خبر دی ہے۔
خبررساں ایجنسی شہاب نے اعلان کیا ہے کہ الکویتی ہسپتال کے آس پاس فضائی حملوں کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اس ایجنسی نے ان حملوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کئے جانے کی تصاویر بھی شائع اور نشر کی ہیں۔
اس سے پہلے میڈیا ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ صیہونی فوج نے غزہ میں 56 رہائشی عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی اسپتنک کی رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوجیوں نے غزہ کے مشرقی علاقے الشجاعیہ میں یہ انسانیت سوز کارروائی کی ہے۔
یہ کارروائی گزشتہ دنوں الشجاعیہ علاقے میں صہیونی فوج اور فلسطینی مجاہدین کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد کی گئی ہے۔ اس لڑائی میں غاصب فوجیوں کو بھاری جانی نقصان پہنچا۔