غزہ کے عوام کو دربدری اور بُھک مری کا سامنا، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ غزہ کے عوام کو دربدری اور بُھک مری کا سامنا ہے
سحر نیوز/ عالم اسلام: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوتریش نے کہا ہے کہ غزہ کے عوام کو دربدری اور بُھک مری کا سامنا ہے اس لئے علاقے کی صورت حال کو بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے تاکہ انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کی راہ ہموار ہو سکے۔
انھوں نے غزہ کی صورت حال کو بہتر بنائے جانے کی یہ اپیل، ایسی حالت میں کی ہے کہ گزشتہ تین دن کے دوران غزہ کے لئے انسان دوستانہ امداد میں اضافے کے لئے سلامتی کونسل کی قرارداد سے متعلق ووٹنگ کا عمل امریکی خلاف ورزیوں کی بنا پر سات بار تاخیر کا شکار ہوا۔
اس قرارداد پر آج ووٹنگ ہونے کی امید کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارۂ صحت نے غزہ پر اسرائيل کے حملے بند کئے جانے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے اس علاقے میں وبائی امراض پھیلنے کے بارے میں سخت خبردار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف نے بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے غزہ پر حملے بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ انسان دوستانہ امداد کا عمل انجام پا سکے۔