Dec ۲۲, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۵ Asia/Tehran
  • بحیرہ احمر میں جارحانہ حماقت کی بابت امریکا کو یمن کا انتباہ

انصار اللہ یمن کے پولٹ بیورو کے ایک رکن نے کہا ہے کہ اگر امریکہ کوئی نئی حماقت کرنا چاہتا ہے تو ہماری فوج اس سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: انصار اللہ یمن کے پولٹ بیورو کے رکن حزام الاسد نے کہا ہے کہ یمنی فوج کے پاس امریکہ کے مقابلے کے لیے بہت سے آپشن موجود ہیں جو واشنگٹن کے تصور میں بھی نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج صیہونی دشمن کے جہازوں اور دشمن کی بندرگاہوں کی سمت جانے والے جہازوں کا پتہ لگانے کی لازمی توانائی رکھتی ہے اور ان کے تعاقب کا سلسلہ جاری رکھے گی۔انصاراللہ یمن کے پولٹ بیورو کے رکن کا کہنا تھا کہ جب تک غزہ کے خلاف جنگ ختم اور بے گناہ فلسطینی بچوں، عورتوں اور دیگر شہریوں کا قتل عام بند نہیں ہوجاتا دشمن کے جہازوں پر ہمارے حملے بھی جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ساری عالمی طاقتیں مل کر بھی ہمیں غزہ میں اپنے مظلوم بھائیوں کی حمایت سے نہیں روک سکتیں۔انصاراللہ کے سینیئر عہدیدار نے کہا کہ اگر امریکہ نے ذرہ برابر بھی حماقت کی تو یمنی فوج کی جانب سے اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔واضح رہے کہ گذشتہ ہفتوں کے دوران یمنی فوج نے غزہ میں فلسطینی قوم کی مزاحمت کی حمایت میں بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں صیہونی حکومت کے متعدد بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔یمنی بحریہ خبردار کرچکی ہے کہ صہیونی دشمن کے بحری جہازوں اور مفادات کے خلاف اس وقت تک فوجی کارروائیاں جاری رکھے گی جب تک غزہ پر اس کی جارحیت اور فلسطینی قوم کے خلاف اس کے جںگی جرائم بند نہیں ہوتے۔اس سے پہلے انصار اللہ کے پولٹ بیورو کے ایک اور رکن علی القہوم نے بھی کہا تھا کہ اسرائیل کو نشانہ بنانے کے لیے یمن کی بڑی، موثر اور اسٹریٹجک کارروائیاں قابض صیہونی حکومت کی تباہی تک جاری رہیں گی۔

 

ٹیگس