Dec ۲۲, ۲۰۲۳ ۱۷:۴۵ Asia/Tehran
  • غاصبوں کے سامنے نہیں جھکیں گے، جہاد اسلامی فلسطین

جہاد اسلامی فلسطین نے اعلان کیا ہے کہ غاصبوں کے سامنے نہیں جھکیں گے اور سفید پرچم بھی بلند نہیں کریں گے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما مجدی عزّام نے فلسطین الیوم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ستر دن سے زائد عرصے سے ہماری استقامت جاری ہے جبکہ اس سے پہلے بعض عرب ممالک چھے دن بھی غاصب صیہونی حکومت کے مقابلے میں نہیں ٹک سکے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جب پوری دنیا صیہونی حکومت کی پشت پناہی کے لئے کھڑی ہوجائے تو یہ فلسطین کی تحریک استقامت کی طاقت و توانائی کا ثبوت اور اس بات کی علامت ہے کہ ہم نے وہ حاصل کرلیا ہے جو حاصل کرنے میں عرب ملکوں کی فوجیں بھی عاجز تھیں۔

جہاد اسلامی فلسطین کے رہنما مجدی عزام نے کہا کہ ہم نے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا اور اعلان کردیا ہے کہ جو بھی غزہ کے خلاف جنگ کی فکر میں ہو، غزہ اس کے مقابلے پر قادر ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم سب شہید ہوجائيں تب بھی دشمن کو کامیابی کا مزہ نہيں چکھنے دیں گے۔ جہاد اسلامی فلسطین کے رکن مجدی عزّام نے کہا کہ ہماری استقامت اور پائیداری جاری ہے اور فلسطینی مجاہدین اور عوام میں استقامت کا نظریہ یکساں ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکا پوری دنیا کی فوج جمع کرکے بھی ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتا۔

دوسری جانب میڈیا ذرائع نے خبردی ہے کہ غزہ ميں اسرائیلی فوجیوں کے ہمراہ یوکرینی فوجی بھی غزہ کے عوام کے خلاف جنگ میں شریک ہیں۔ غزہ شہر کے شجاعیہ علاقے میں فلسطینی عوام کے خلاف جنگ میں صیہونی فوجیوں کے ہمراہ سات یوکرینی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ اسی کے ساتھ سوشل میڈیا چینلوں پر ایک ویڈیو فلم بھی جاری ہوئی ہے جس میں کچھ فوجیوں کو دکھا یا گیا ہے جو دیوار کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں اور یوکرینی زبان بول رہے ہیں۔ ان میں سے ایک فوجی فلسطینی عوام کے خلاف جنگ میں اپنی مشارکت کا جواز پیش کرتے ہوئے کہتا ہے کہ وہ اس جنگ میں شرکت کے لئے اس لئے آیا ہے کہ یہاں ایک اور ہولو کاسٹ نہ ہو۔

 

ٹیگس