شام: زینبیہ پر حملہ، غاصب فوج نے تین میزائل فائر کر کے سپاہ پاسداران کے ایک سینیئر مشیر سید رضی کو شہید کردیا
المیادین ٹی وی چینل نے دمشق سے رپورٹ دی ہے کہ "دشمن نے سید رضی کو تین میزائل داغ کر شہید کر دیا۔"
سحر نیوز/ عالم اسلام: رپورٹ کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں زینبیہ پر غاصب فوج کے حملے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سینیئر مشیر سید رضی موسوی شہید ہوگئے۔
آج شام غاصب اسرائیلی فوج نے شام کے خلاف اپنی جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک بار پھر دمشق کے اطراف کے علاقوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوگئے۔
المیادین کی رپورٹ کے مطابق دمشق میں زینبیہ پر غاصب صیہونی حکومت کے آج کے میزائل حملے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے مشیر اعلیٰ سید رضی موسوی بھی شہید ہوگئے۔
شہید رضی موسوی نے شام کی جنگ میں تعاون کے تمام مراحل میں حصہ لیا اور صحرائی اور دمشق کے نواحی علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں میں بھی حصہ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ سید رضی ان ثابت قدم اور شجاع مجاہدین میں سے تھے جنہوں نے حلب کے مغرب میں حملے کو پسپا کردیا تھا۔
شہید رضی موسوی شام کے سلسلے میں پاسداران انقلاب اسلامی کے سینیئر کمانڈروں میں سے ایک تھے اور انہیں حالیہ برسوں میں کئی بار صیہونی حکومت نے نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔
اس رپورٹ کے مطابق شہید موسوی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے عظیم اور ممتاز کمانڈروں میں سے اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کے ساتھیوں میں سے ایک تھے۔