حزب اللہ اور صیہونی حکومت کے درمیان ایک بڑی جنگ شروع ہو گي: اسرائیلی اخبار کا دعوی
اخبار یدیعوت احارنوت نے فوج کی جانب سے غزہ جنگ میں غلط روش اختیار کئے جانے کے اعتراف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے حزب اللہ اور صیہونی حکومت کے درمیان ایک بڑی جنگ شروع ہونے کے امکان کی خبر دی ہے ۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: صیہونی اخبار یدیعوت احارنوت نے لکھا ہے کہ صیہونی حکومت کی فوجی کمان نے سیاسی حکام کو بتا دیا ہے کہ سن دوہزار چوبیس جنگ کا سال ہوگا صیہونی فوج کے چیف آف ارمی اسٹاف ہرتزی ہالیوی نے دعوی کیا ہے کہ بقول اس کے دہشتگرد گروہ کو ختم کرنے کے لئے اس کے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہيں ہے، جنگ سخت اور فیصلہ کن ہے اور ہم حماس کے رہنماؤں کو پکڑ لیں گے چاہے ایک ہفتہ لگے یا کئی مہینے لگ جائيں ۔
صیہونی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جنگ جاری رہنے کی بنا پر اسرائیل کے اندر تنقیدیں شروع ہوگئی ہيں ۔ جو فوجی افسران غزہ کی زمینی جنگ میں فلسطینی عوام کے خلاف جارحیت میں شامل ہيں وہ شمالی غزہ کے محاذ کے ساتھ ہی خان یونس میں محاذ کھولنے کو غلطی خیال کرتے ہيں ۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر خان یونس میں جنگی محاذ کھولا گیا تو فلسطینی مجاہدین کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا اور اس کے لئے کافی زيادہ فوجیوں اور جنگی ساز و سامان کی ضرورت پڑے گی ۔