Dec ۲۹, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • محمدعبدالسلام:  امریکا کے سمندری اتحاد میں شامل ممالک بوکھلاہٹ کا شکار ہیں

یمن کے سیاسی رہنما محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ امریکا کے سمندری اتحاد میں شامل ممالک بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ان کی یہ بوکھلاہٹ اس اتحاد کے قانونی نہ ہونے کا نتیجہ ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کے سیاسی رہنما محمد عبدالسلام نے اعلان کیا ہے کہ بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہازرانی پرامن ہے اور روزانہ سیکڑوں جہاز یہاں سے گزرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض ممالک کی بوکھلاہٹ، جنہیں امریکا نے سمندری اتحاد میں شمولیت پر مجبور کیا ہے، اس یقین کا نتیجہ ہے کہ یہ اتحاد قانونی نہیں ہے۔ محمد عبدالسلام نے کہا کہ یمن کی بحریہ ہر روز یہاں سے گزرنے والے سبھی بحری جہازوں سے رابطہ برقرار کرتی ہے اور امریکا بعض ملکوں کو اسرائیل کی حفاظت کے لئے اپنے اتحاد میں شامل ہونے کے لئے ورغلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بعض ملکوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان کی بحریہ بحیرہ احمر میں موجود نہیں ہے اور بعض ملکوں نے اطلاع دی ہے کہ امریکی اتحاد میں ان کی شمولیت افسران کو بھیجنے تک محدود ہے۔
یاد رہے کہ یمن کی مسلح افواج کے کمانڈروں نے دو دن قبل ایک غیر معمولی میٹنگ میں امریکا کو بحیرہ احمر میں فوجی مہم جوئی کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئےاعلان کیا ہے وہ یمن کے رہبر سید بدرالدین عبدالملک الحوثی کی ہدایات پر عمل کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ یمن کی مسلح افواج کے کمانڈروں نے کہا ہے کہ ہم امریکا اور اس کے اتحادیوں کو بحیرہ احمر میں عسکریت پسندی اور صیہونی حکومت کی حمایت میں بین الاقوامی جہازرانی کو خطرے میں ڈالنے کے نتائج کی بابت خبردار کرتے ہیں اور ان کے مقابلے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔

ٹیگس