خالد مشعل: تحریک استقامت کے رہنماؤں کا دہشت گردانہ قتل، صیہونی حکومت کی شکست میں تیزی لائے گا
حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ غزہ پر حملوں کا جاری رہنا اور غزہ سے باہر تحریک استقامت کے لیڈران کا دہشت گردانہ قتل مزاحمتی جذبے کی تقویت کرے گا اور صیہونی حکومت کی شکست میں تیزی لائے گا۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی تحریک حماس کے رہنما خالد مشعل نے ایک ریکارڈڈ تقریر میں کہا کہ تحریک استقامت کی جنگ صیہونی دشمن سے ہے اور وہ قطر سمیت سبھی عرب ملکوں کی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کو اہمیت دیتی ہے۔ انہوں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں صیہونی حکومت کے ایک دہشت گردانہ ڈرون حملے میں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب سربراہ صالح العاروری اور ان کے جھے ساتھیوں کی شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے العاروری کو دہشت گردانہ حملے میں قتل کرکے اپنا داخلی بحران، مقبوضہ فلسطین سے باہر لے جانے اور اپنی جارحیت کا دائرہ وسیع تر کرنے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گردانہ قتل، تین مہینے سے جاری غزہ کے عوام کے خلاف وحشیانہ حملوں اور نسل کشی کے اہداف میں صیہونی دشمن کی شکست اور ناامیدی کے بعد کیا گیا ہے۔