صیہونی حکومت کا دفاع اور حمایت کرنے والے کونشانہ بنائیں گے: یمنی وزیر
یمن کے انسانی حقوق کے وزیر نے غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں اپنے ملک کے موقف کو صحیح اور انسانیت پر مبنی قرار دیتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام ، عورتوں اور بچوں کا قتل عام کا سلسلہ روکنے اورغزہ کا محاصرہ ختم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: یمن کی قومی نجات حکومت کے وزیر برائے انسانی حقوق الدیلمی نے کہا کہ یمن کے خلاف امریکہ اور برطانیہ کے جارحانہ حملے صرف صیہونی حکومت کے دفاع میں ہیں اور ان کے لئے بین الاقوامی شپنگ اور عالمی تجارت اہم نہیں رکھتی-
یمن کی قومی نجات حکومت کے وزیر برائے انسانی حقوق نے مزید کہا کہ ہم نے شروع میں ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ ہم بحیرۂ احمر میں صرف اسرائیلی بحری جہازوں اور ان بحری جہازوں کو نشانہ بنائيں گے جو غاصب صیہونی حکومت کی مدد کے لئے آمد و رفت رکھیں گے-
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی فوجی طاقت اس طرح کے حملوں سے نقصان پہنچنے والا نہیں ہے کیوں کہ نو سال سے زیادہ کا عرصہ ہے کہ ہم اس طرح کی ہنگامی صورتحال سے دوچار ہیں اور حالت جنگ میں ہیں اور اپنی فوجی آمادگی کو برقرار رکھا ہے-
انہوں نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت ، امریکی، برطانوی اور جرمن ہتھیاروں سے غزہ پر بمباری کر رہی ہے جس سے ہمیں تکلیف ہے اور ہم فلسطین اور غزہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر اس فریق کو نشانہ بنائیں گے جو صیہونی حکومت کا دفاع اور حمایت کرے اور یمن کو نشانہ بنائے، اور ہم اس کی جارحیت کا جواب دیں گے-الدیلمی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ ہم اپنے عرب بھائیوں کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ امریکہ، برطانیہ اور اسرائیل کے کھیل میں شامل نہ ہوں، مزید کہا کہ باوجودیکہ عرب بھائی، ہمارے بارے میں فکر مند نہیں ہیں اور ان کو ہماری کوئی پرواہ نہیں ہے، لیکن ہم ان کے بارے میں فکر مند ہیں اور ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے عرب بھائی واشنگٹن، لندن اور تل ابیب کے آلہ کار میں تبدیل ہوجائيں-
دوسری جانب یمن کی سیاسی کونسل نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کی حالیہ جارحیت کا ضرور جواب دیا جائے گا۔ یمن کی سیاسی کونسل بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے مقابلے میں ، فلسطینی عوام کی حمایت اور مدد کے لئے یمنی عوام کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی -یمنی فوج نے گذشتہ ہفتوں کے دوران غزہ میں فلسطینی قوم کی مزاحمت کی حمایت میں صیہونی حکومت کے متعدد بحری جہازوں یا اس غاصب حکومت کے لیے سامان لے جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے کہ جو بحیرہ احمر ، بحر ہند اور آبنائے باب المندب میں مقبوضہ علاقوں کی طرف جا رہے تھے۔ یمنی فوج نے عہد کیا ہے کہ جب تک اسرائیلی حکومت غزہ پر اپنے حملوں اور اس علاقے کے لوگوں کے قتل عام کو بند نہیں کرتی اس وقت تک اس حکومت کے بحری جہازوں یا بحیرہ احمر میں مقبوضہ علاقوں کے لیے جانے والے بحری جہازوں کو روکا جائیگا۔