Jan ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۰ Asia/Tehran
  • غزہ کے باشندوں، ہسپتالوں اور پناہ گاہوں پرغاصب صیہونی فوجیوں کے حملے

غزہ کے شہر خان یونس میں عام شہریوں اور پناہ گزينوں کے خلاف ہوائی اور توپخانے کے حملے بدستور جاری ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: غاصب صیہونی فوجی، شمالی اورجنوبی غزہ میں اپنے جرائم جاری رکھتے ہوئے عام شہریوں اور پناہ گزينوں کا محاصرہ کرکے ہسپتالوں اور پناہ گاہوں پر حملے کر رہے ہيں۔ جنوبی غزہ کے اسپتالوں کے اطراف میں صیہونی ٹینکوں کی بڑے پیمانے پر تعیناتی سے معلوم ہوتا ہے کہ جارح صیہونی فوجیوں نے شمالی غزہ کے اسپتالوں الشفا، کمال عدوان اور المعمدانی پر جس طرح کے وحشیانہ حملے کئے ہيں اسی طرح خان یونس کے ناصر اور الامل اسپتالوں پر حملے کرنے کے درپے ہیں۔

فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ ڈیڑھ سو شہداء کی میتوں کو ، محصور ناصر اسپتال کے صحن میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اس میڈیکل کمپلیکس کے بجلی کے جنریٹرز، مزید صرف چار دنوں تک ہی ضرورتیں پوری کرسکیں گے- ہسپتال میں بے ہوشی اور علاج کی ادویات کی مقدار کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی خان یونس میں مزاحمت کاروں اور قابض فوج کے درمیان زمینی لڑائی بدستور شدت کے ساتھ جاری ہے۔

دوسری جانب شمالی غزہ میں بھی مزاحمتی قوتوں اور صیہونی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جبکہ اس سے قبل قابض افواج نے شمالی غزہ پر اپنے کنٹرول کی خبر دی تھی۔

ٹیگس