Jan ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۶:۵۴ Asia/Tehran
  • غاصب صیہونی فوج کا دمشق پر میزائل حملہ، 2 افراد شہید اور متعدد زخمی

میڈیا رپورٹوں کے مطابق غاصب صیہونی فوج نے پیر کو شام کے دارالحکومت دمشق میں زینبیہ علاقے کے مضافات میں 3 میزائل داغے ہیں

سحرنیوز/ عالم اسلام: میڈیا رپورٹوں کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج نے دمشق کے علاقے زینبیہ کے مضافات میں واقع ایک عمارت کو تین میزائلوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 2 عام شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

اس کے ساتھ ہی دمشق اور اس کے آس پاس کے علاقے میں شامی فوج کے فضائی دفاعی سسٹم کے فعال ہونے کی بھی خبریں موصول ہوئیں۔ خبری ذرائع کے مطابق مقبوضہ جولان کے علاقے سے متعدد میزائل داغے گئے لیکن بہت سے میزائل ہدف سے پہلے ہی ناکارہ بنا دیئے گئے۔

قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی فوج نے حالیہ برسوں میں شام کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا ہے اور حالیہ مہینوں میں، خاص طور سے (7 اکتوبر کے بعد سے)، غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم کا نیا مرحلہ شروع ہونے کے بعد ان حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ٹیگس