غزہ پر صیہونی فوج کا حملہ، چوبیس گھنٹے میں 103 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی
فلسطین کی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونیوں کی بمباری میں غزہ میں ایک سو تین فلسطینی شہید اور ایک سو پینتالیس دیگر زخمی ہوئے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کی وزارت صحت نے غزہ میں شہید و زخمی ہونے والوں کے تازہ ترین اعداد و شمار کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کے خلاف گیارہ بار جارحیت کا ارتکاب کیا جس میں ایک سو تین فلسطینی شہید اور ایک سو پینتالیس دیگر زخمی ہوئے۔
فلسطین کی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق سات اکتوبر سے غزہ کے خلاف جاری صیہونی جارحیت میں اب تک اٹھائیس ہزار پانچ سو چھہتر فلسطینی شہید اور اڑسٹھ ہزار دو سو اکیانوے دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
صیہونی فوجی، ایک سو اکتیس دن سے وحشیانہ ترین جارحیت کا ارتکاب کر رہے ہیں اور اب وہ رفح میں بھی انسانی المیہ جنم دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فلسطین سے ایک اور خبر یہ ہے کہ غزہ کے شیخ رضوان علاقے پر صیہونی فوج کے حملے میں معتز مصطفی الغفری نامی ایک اور فلسطینی نامہ نگار شہید ہوگیا۔