جنوبی لبنان پر دہشت گرد صیہونی فوج کے حملے بدستور جاری
جنوبی لبنان پر غاصب اور دہشت گرد صیہونی فوج کے حملے بدستور جاری ہیں جن میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئی ہیں۔
سحرنیوز/عالم اسلام: لبنانی ذرائع کے مطابق جنوبی قصبے حولا کے مشرق میں غاصب صیہونی نے فضائی جارحیت کی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ الجزیرہ نے بھی جنوبی لبنان کے صیدا میں واقع قصبے البیساریہ پر صیہونی دہشت گردوں کے ڈرون حملے کی خبر دی ہے۔ تاحال اس حملے میں ہونے والے نقصانات کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت نے بھی چند گھنٹے قبل اطلاع دی ہے کہ جنوبی علاقے النبطیہ کے قصبے حومین بالا میں ایک کار پر صیہونی دہشت گردوں کی بمباری میں ایک شہری شہید ہو گیا۔
لبنان پر صیہونی ٹولے کی جارحیت ایسے وقت میں ہو رہی ہے کہ جب لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے اتوار کی رات اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت قومی خودمختاری کے معاملے سے دستبردار نہیں ہوئی ہے اور وہ چوبیس گھنٹے صیہونی افواج کے مکمل انخلا کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
دوسری جانب لبنان کے وزیر صحت کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران غاصب حکومت کی فضائی جارحیت کے نتیجے میں کم از کم اٹھائیس شہری شہید ہو چکے ہیں۔