اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جنگ بندی معاہدے سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں: قطری وزارت خارجہ
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو جنگ بندی معاہدے سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان مجید محمد الانصاری نے آج پیر کو تحریک حماس کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے اور جنگ بندی معاہدے کے سلسلے میں غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم کے لیت و لعل کے رویہ پر تنقید کی ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان مجید محمد الانصاری نے کہا کہ صیہونی قیدیوں کی رہائی کے لیے حماس پر قطر کے دباؤ پر مبنی نیتن یاہو کے بیانات لیت و لعل کرنے اور جنگ کو طول دینے کے سوا کچھ نہیں ہیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہونے والی جنگ بندی نے، جس کے نتیجے میں 109 قیدی رہا ہوئے، ثابت کر دیا کہ ان کی واپسی اور کشیدگی ختم کرنے کا واحد حل مذاکرات ہیں۔
مجید محمد الانصاری نے کہا کہ ہم غزہ کی تعمیر نو اور فلسطینیوں کی مدد کے لیے قطر کی کوششوں کے بارے میں اسرائیلی وزیر اعظم کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں کیونکہ نیتن یاہو نے ہماری کوششوں کی ایسی تصویر کشی کی جیسے ہم حماس کی مالی مدد کر رہے ہیں جب کہ وہ خود جانتے تھے کہ یہ کوششیں اسرائیل اور تمام متعلقہ فریقوں کی ہم آہنگی سے کی گئیں۔
قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ قطر اپنی ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا اور سیاسی بحرانوں سے فرار کے لیے اسرائیلی وزیراعظم کے بیانات پر توجہ نہیں دیتا۔