صیہونی پارلیمنٹ کے بل کی حماس کی جانب سے مذمت
فلسطین کی تحریک حماس نے فلسطین کو ایک آزاد ملک کی حیثیت سے تسلیم نہ کرنے کے بارے میں صیہونی پارلیمنٹ کے فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ فلسطین کو ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے تسلیم نہ کرنے کا صیہونی پارلیمنٹ کا فیصلہ صیہونی ازم کی جارحانہ پالیسی جاری رکھنے کی ایک کوشش اور عزت و آزادی پر مشتمل فلسطینیوں کے حقوق کی پامالی نیز عالمی برادری کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔
تحریک حماس نے کہا ہے کہ ایک آزاد فلسطینی مملکت کی حیثیت سے فلسطین کو تسلیم نہ کرنے کا صیہونی پارلیمنٹ کا فیصلہ اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کے لئے ایک چیلنج بھی ہے اور دیکھنا ہوگا کہ وہ اس صیہونی ہٹ دھرمی سے کیسے نمٹتی ہے۔ حماس نے اعلان کیا ہے کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق اور عالمی قوانین نیز قراردادوں کی بنیاد پر فلسطینیوں کی حمایت کرنی ہوگی۔
خود صیہونی پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے رہنما لیپڈ نے صیہونی پارلیمنٹ کے اس فیصلے کو اسرائیل کے لئے خطرناک قرار دیا ہے۔