اسرائیل کے اہم ٹھکانوں پر حزب اللہ کا وسیع حملہ
حزب اللہ لبنان نے ایک اور اسرائیلی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے آج اپنے بیان میں کہا کہ اس کے مجاہدین نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں شبعا فارمز میں اسرائیلی اڈے "رویسات العلم کو نشانہ بنایا۔
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی مزاحمت کے مجاہدین نے غزہ پٹی میں ثابت قدم فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کی باعزت مزاحمت کی حمایت میں آج صبح 11 بج کر 35 منٹ پر مقبوضہ شبعا فارمز میں واقع رویسات العلم کے ٹھکانے کو مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
اس حملے میں کافی جانی اور مالی نقصان ہونے کی اطلاع ہے۔ یہ حزب اللہ کا اپنے آج کے دوسرے حملے کا بیان تھا۔
گزشتہ روز غاصب حکومت کی فوج نے بعلبک کے علاقے پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا جس پر وسیع رد عمل سامنے آیا تھا۔
اس صیہونی حملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کے نمائندے نے کہا تھا کہ مزاحمتی قوت لبنان کے دیہاتوں اور شہروں میں دشمن کی مسلسل جارحیت کا جواب دینے میں پہل کرے گی۔
حزب اللہ نے پہلے ردعمل میں مقبوضہ جولان میں اسرائیلی فوج کے ہیڈ کوارٹر پر 60 راکٹ فائر کیے اور اس بات پر زور دیا کہ یہ حملہ بعلبک شہر کے اطراف میں صیہونی حکومت کے حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔
آج کے حملے سے ایک گھنٹہ پہلے، حزب اللہ نے اعلان کیا تھا کہ اس نے کئی لانچروں کا استعمال کرتے ہوئے ایک وسیع میزائل حملے سے جبل الجرمق میں مرون ایئر کنٹرول بیس کو نشانہ بنایا تھا۔