Mar ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۳:۵۱ Asia/Tehran
  • بنگلہ دیش: شاپنگ مال میں بھیانک آتش زدگی، کم سے کم 46 افراد کی موت

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں ایک 6 منزلہ شاپنگ مال میں بھیانک آگ لگنے سے کم از کم 46 افراد کی موت ہوگئی اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/ عالم اسلام: میڈیا رپورٹوں کے مطابق بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں جمعرات کی رات دیر گئے ایک 6 منزلہ شاپنگ مال میں شدید آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 46 افراد کی موت ہونے کی خبر ہے۔ اس بھیانک حادثے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ گرین کوزی کاٹیج شاپنگ مال میں آگ پہلے، پہلی منزل پر واقع ایک بریانی ریسٹورینٹ میں لگی، اس کے بعد آگ دوسری جگہوں تک پھیل گئی۔ آگ بجھانے والے 13 یونٹوں نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے جب کہ دیگر افراد کی موت عمارت سے چھلانگ لگانے کے نتیجے میں ہوئی ہے۔ زخمیوں کو 2 سرکاری ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔  

فائر سروس کے ایک اعلیٰ عہدہ دار بریگیڈیئر جنرل معین الدین نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ گیس لیک ہونا یا چولھا ہوسکتا ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ ایک خطرناک عمارت تھی جس کی ہر منزل پر گیس سلنڈر تھے، یہاں تک کہ سیڑھیوں پر بھی۔

ادھر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے اس دردناک حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو زخمیوں کے فوری علاج کا حکم دیا ہے۔ حکومت نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک پانچ رکنی ٹیم بھی تشکیل دی ہے۔

 

ٹیگس