Mar ۰۱, ۲۰۲۴ ۱۶:۰۵ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت غزہ کو خالی کرانے کے اپنے منصوبے میں ناکام رہی: سید عبد الملک الحوثی

انصار اللہ یمن کے رہنما سید عبد الملک الحوثی نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن، امریکہ کی حمایت اور تعاون، اور عربوں کی تحقیر کے ساتھ اپنے جرائم، جاری رکھے ہوئے ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: انصار اللہ یمن کے رہنما سیدعبدالملک الحوثی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غزہ پر جارحیت سے مغرب کے دعوؤں اور بیان بازیوں کی قلعی کھل گئی ہےکہا کہ صیہونیوں کے جرائم کا دائرہ جس کی امریکہ مکمل طور پر حمایت کرتا ہے، تصور سے بالاتر ہے اور اس نے تمام ریڈ لائنوں کو پار کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے عوام کا قتل عام، انہیں بھوک میں مبتلا کرنے اور مختلف حربے استعمال کرنے کے باوجود صیہونی حکومت، غزہ کو خالی کرانے کے اپنے منصوبے میں ناکام رہی ہے۔

انصار اللہ یمن کے رہنما نے کہا کہ غزہ کے اکثر بچے بھوکے اور بیمار ہیں جبکہ غاصب صیہونی حکومت بھوک کی جنگ اور غذائی قلت سے ظلم ڈھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

غزہ کے لئے قانونی طور پر بھیجی جانے والی امداد، وہاں کے لوگوں کی ضرورتوں کا پانچ فیصد حصہ بھی پورا نہيں کر پاتی جبکہ ٹرکوں کو غزہ نہيں جانے دیا جا رہا ہے۔

سید عبد الملک الحوثی نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے مظالم پرعلاقائی ملکوں کی خاموشی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ کیا وجہ ہے کہ عرب دنیا کی امت مسلمہ اور اسلامی ملکوں کے ہاتھ فلسطین کی حمایت کے لئے بندھے ہوئے ہيں جبکہ مغرب اور امریکہ، کھل کر صیہونیوں کی حمایت کر رہا ہے؟ اگر عرب تھوڑی سی بھی فلسطینیوں کی حمایت کرتے تو غزہ کی جنگ انجام کو پہنچ جاتی۔ اگر مسلمان اور عرب، غزہ کے لوگوں کی مدد کرتے تو غزہ کے بہادر جوان، محاذ جنگ میں دشمن کو دھول چٹا چکے ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے غزہ کی جنگ میں صیہونیوں کی بہت زیادہ مدد کی اور یہ امریکی ہیں جو بین الاقوامی مطالبے کے باوجود جنگ بندی کی راہ میں روڑے اٹکائے ہوئے ہیں۔

سید عبدالملک الحوثی نے یمن کے خلاف امریکہ اور برطانیہ کی جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بحیرہ احمر میں غاصب صیہونی حکومت کی سمت بڑھنے والے جہازوں پر تین سو چوراسی میزائل اور ڈرون طیاروں سے حملے کئے اور امریکہ و برطانیہ کے حملوں سے ہماری فوجی طاقت پر کوئی اثر نہیں پڑا، بلکہ ہم اپنے حملوں کا دائرہ پھیلا رہے ہيں۔

انصار اللہ یمن کے رہنما نے کہا کہ بحیرہ احمر میں ہمارا آپریشن موثر طریقے سے جاری رہے گا اور اس کا دائرہ پھیلے گا۔ ہمارے پاس ابھی حیران کر دینے والی بہت سی چیزيں ہیں جس کی دشمن نے توقع بھی نہ کی ہو گی اور اس کا سلسلہ بھی ہم شروع کر رہے ہيں۔

ٹیگس