Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۶:۱۷ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونی جارحیت جاری رہنے تک بحری آپریشن جاری رہے گا: یمن کا اعلان

یمن کی قومی سالویشن حکومت نے غزہ میں صیہونی جرائم کے رکنے تک بحریہ کے بحری آپریشن کے جاری رہنے کا اعلان کیا ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین کے مطابق یمن کی حکومت نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہےکہ امریکی حمایت سے اپنے جرائم پر صیہونی حکومت کے اصرار کی حالت میں یمن کا موقف بحیرہ عرب اور باب المندب میں صیہونی بحری جہازوں کو روکنے پر استوار ہے۔

یمنی وزارت خارجہ نے غاصب اسرائيلیوں اور ان کے اتحادیوں کو بحیرہ احمر اور باب المندب میں کشیدگی میں اضافے کا ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ امریکہ، صیہونی حکومت کی مکمل سیاسی، مالی، فوجی اور لاجسٹک حمایت کی وجہ سے صیہونی حکومت کے جرائم کا اصل ذمہ دار ہے خاص طور پر اس لئے کہ وہ عالمی امن و امان کے قیام کی سلامتی کونسل کی ذمہ داری پر عمل کی راہ میں رکاوٹ بن رہا ہے۔

حکومت یمن نے اسی طرح ایک بار پھر اپنی تجویز کا اعادہ کیا ہے کہ غزہ میں امدادی سامان بھیجے جانے کے بدلے برطانیہ بحیرہ احمر سے اپنے ڈوبے ہوئے جہاز کو لے جاسکتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اٹھارہ فروری کو یمن کی بحریہ نے برطانیہ کے جہاز "ایم وی روبی مار کو بحیرہ احمر میں میزائل سے نشانہ بنکر ڈبو دیا تھا۔

یاد رہے کہ یمن نے غزہ پر صیہونیوں کے وحشیانہ حملے کے بعد فلسطینیوں کی حمایت میں کہا تھا کہ جب تک غزہ پر حملے بند نہیں ہوتے اور محاصرہ ختم نہیں کیا جاتا تب تک کسی بھی اسرائیلی جہاز کو اور اسی طرح اس کے لئے سامان لیجانے والے دوسرے ملکوں کی بحری جہازوں کو بحیرہ احمر اور باب المندب سے گزرنے نہیں دیا جائے گا۔

ٹیگس