اسرائیلی فوج حماس کی اعلیٰ تکنیکی صلاحیت اور انٹیلی جینس دیکھ کر حیران و پریشان!
اطلاعات کے مطابق غاصب اسرائیلی فوج کو حماس کے عسکری اور سائبر سیکورٹی شعبے کی اعلیٰ تکنیکی صلاحیت اور انٹیلی جینس نے حیران و پریشان کردیا۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: عبرانی اخبار "اسرائیل ہیوم" نے انکشاف کیا ہے کہ حماس کی اعلیٰ تکنیکی اور انٹیلی جنس صلاحیت کو دیکھ کر اسرائیلی فوجی حیران رہ گئے۔
"اسرائیل ہیوم" اخبار نے، جسے دائیں بازو کے امریکی ارب پتی شیلڈن ایڈلسن نے قائم کیا تھا، لکھا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کے کمانڈ سینٹر میں داخلے کے دوران اسرائیلی فوجی حماس کے زیر استعمال کمپیوٹر، انٹیلی جنس اور تکنیکی صلاحیتوں کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی انٹیلی جنس کا خیال ہے کہ وہ حماس کی معلومات اکٹھا کرنے میں صحیح سمت میں کام کر رہی ہے لیکن 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے کے بعد غزہ کی پٹی کے اندر مارے گئے اسرائیلی چھاپوں سے یہ بات سامنے آئی کہ اس تناظر میں حماس کی صلاحیتیں توقعات سے کہیں زیادہ ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مثال کے طور پر تحریک حماس اسرائیل کے نگرانی کرنے والے بہت سے کیمروں کو ہیک کرنے میں کامیاب رہی، جس کا مقابلہ کرنے میں فوج اپنی غفلت کا اعتراف کرتی ہے۔
ڈرونز پر نصب کئے جانے والے حماس کے کیمروں کے بارے میں بھی حیرت انگیز بات سامنے آئی۔ یہ کیمرے شادی وغیرہ کی فوٹو گرافی کے کیمروں کی طرح سادہ دکھائی دیتے ہیں لیکن یہ غیر معمولی اور جدید کیمرے نکلے جو ترچھے زاویوں سے تصویریں لے سکتے ہیں۔ یہ کیمرے غزہ کے آسمان پر آس پاس کے قصبوں اور ارد گرد کے اسرائیلی فوجی کیمپوں میں تصویریں لے رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کی حقیقی صلاحیتوں کا ایک اہم شعبہ "سائبر وار" کا شعبہ تھا۔ رپورٹ کے مطابق حماس کے ماہر ارکان نے اسرائیلی فوجیوں کے موبائل فون وغیرہ ہیک کرکے اہم اسرائیلی انٹیلی جنس معلومات تک رسائی کی اور اس کی تصدیق اسرائیلی فوج کے کمپیوٹر سرورز کو کنٹرول کرنے اور ان میں موجود معلومات کا تجزیہ کرنے کے بعد ہوئی۔