غزہ پر وحشیانہ صیہونی حملے جاری، متعدد فلسطینی شہید اور زخمی
غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: فلسطین کے خبری ذرائع نے بتایا ہے کہ منگل کی صبح جنوبی غزہ پر صیہونی بمباری میں درجنوں عام شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح صیہونی جںگی طیاروں نے جنوبی غزہ کے شہر رفح کے رہائشی علاقوں پر وسیع حملہ کیا ہے۔ ابتدائی رپورٹوں میں چودہ عام شہریوں کے شہید ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کی آج صبح کی بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے پیر کو بتایا تھا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں غاصب صیہونی حکومت نے نو جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے جس میں سو کے قریب نہتے فلسطینی شہید اور ایک سو تیس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی وزرات صحت کے مطابق غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ پانچ ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ دسیوں ہزار لاشیں منہدم شدہ عمارتوں کے ملبے میں بدستور دبی ہوئی ہیں جنہیں صیہونی فوج کی مسلسل بمباریوں کی وجہ سے نکالا نہیں جاسکا ہے۔