مذموم جرائم ہمارےعزم و ارادے اور آزادی کی جدوجہد میں کوئی خلل نہيں ڈال سکتے: حماس کا اعلان
تحریک حماس نے شفا اسپتال اور اس کے اطراف میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم پرعالمی برادری کی خاموشی پر سخت تنقید کی ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: تحریک حماس نے ایک بیان میں شفا اسپتال اوراس کے اطراف میں صیہونی حکومت کے جرائم پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
تحریک حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس ، شفا اسپتال اور اس کے اطراف میں غاصب صیہونی حکومت کی فاشسٹ جنگی مشینری کے جرائم پرعالمی برادری کی خاموشی سے متنفر ہے۔ تحریک حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مسلسل چھے دنوں سے لوگوں کا قتل عام کررہے ہيں ان کے گھروں کو جلا رہے ہيں انھیں کھانے پینے سے محروم کئے ہوئے ہيں ، گولہ باری و بمباری کرکے انھیں اپنا گھربار چھوڑنے پر مجبور کررہے ہيں اور ان نازی اقدامات پر عالمی برادری، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر نہيں کیا جا رہا ہے۔
تحریک حماس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دنیائے عرب ، عالم اسلام اور غرب اردن ، بیت المقدس اور انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ علاقوں کے باشندوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ غاصبوں اور ان کے حامیوں کے مفادات پر دباؤ ڈالنے کے لئے فورا اقدام کريں اور غزہ میں صیہونی حکومت کی قاتل جنگی مشینری سے جنگ میں ہماری مدد کریں ۔
تحریک حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم تاکید کرتے ہيں کہ یہ مذموم جرائم ہماری قوم کے عزم و ارادے اس کی ثابت قدمی اور آزادی کے حق میں کوئی خلل نہيں ڈال سکتے۔