Mar ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۸ Asia/Tehran
  • غزہ میں صیہونی جرائم پر اسلامی ملکوں کی خاموشی پر کڑی تنقید، محمدعلی الحوثی

یمن کی اعلی سیاسی کونسل نے غاصب صیہونی حکومت کے لئے جاری امریکی حمایت اور صیہونی جرائم پر اسلامی ملکوں کی خاموشی پر کڑی تنقید کی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے اپنے تازہ انٹرویو میں جنگ غزہ کے بارے میں عرب ملکوں کی پالیسی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ آج تک عرب و اسلامی ملکوں نے غزہ پر وحشیانہ صیہونی جارحیت کی کھل کر مذمت نہیں کی ہے۔
انہوں نے عرب ملکوں کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ دنیائے عرب کے ہوائي اڈوں سے اسرائيل کی مدد سے متعلق پروازیں اور یا صیہونی حکومت کے لئے اسلحہ منتقل نہ ہونے دیں۔ محمدعلی الحوثی نے کہا کہ فلسطین کے مظلوم عوام کے سلسلے میں یمن کا موقف ایک دینی اور اعتقادی ہے اور سیاسی محرکات کا حامل نہیں ہے۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے کہا کہ ہم، غزہ میں فلسطینیوں کی حمایت کرنے کے علاوہ دشمن صیہونی حکومت اور اس کے حامی امریکہ و برطانیہ کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے امریکہ و برطانیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا ارتکاب کر کے ہرگز فتح حاصل نہیں کی جا سکتی۔
قابل ذکر ہے کہ غزہ کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے شروع ہونے کے بعد یمن نے اسرائیل کا سمندری محاصرہ کر رکھا ہے اور اب تک یمنی افواج نے بحیرہ احمر اور باب المندب میں متعدد اسرائیلی بحری جہازوں کے ساتھ ہی، ان بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنایا ہے جو مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کی طرف جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ یمنی فوج نے اعلان کر رکھا ہے کہ جب تک غزہ پر صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے جاری رہیں گے، اس وقت تک بحیرہ احمر میں ہر اس بحری جہاز پر حملہ جاری رہے گا جو مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کی طرف جانے کی کوشش کریں گے۔

ٹیگس