حزب اللہ نے میزائلی حملے کا نشانہ بنایا اسرائیل کے فوجی اڈے کو
لبنان کی اسلامی استقامت نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں واقع مرگلیوت صیہونی کالونی کو میزائلی حملے کا نشانہ بنایا ہے۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ غزہ پٹی کے عوام اور ملت فلسطین کی دلیرانہ استقامت کی حمایت اور جنوبی لبنان پر غاصب صیہونی حکومت کی جارحیتوں کے جواب میں آج صبح اسلامی استقامت کے جوانوں نے مرگلیوت صیہونی کالونی میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا ہے-
حزب اللہ لبنان کے بیان کے مطابق عمارت کو جو صیہونی حکومت کے فوجی اڈے میں تبدیل ہوچکی تھی، مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا جس میں متعدد صیہونی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
طوفان الاقصی آپریشن کے بعد سے حزب اللہ لبنان صیہونی فوجیوں کو شمالی مقبوضہ فلسطین میں الجھائے رکھنے اور غزہ میں استقامت پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرنے کے لئے تقریبا ہر روز غاصب صیہونی حکومت کے اہداف کے خلاف بھاری کارروائیاں انجام دے رہی ہے-