اس سال فلسطین کی یاد کے ساتھ ہوگا اربعین میلین مارچ
ایران اور عراق نے رواں سال اربعین حسینی کے خصوصی مارچ کو ’’کربلا، طریق الاقصیٰ‘‘ عنوان کے تحت منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
سحر نیوز / عالم اسلام: منگل کی شب ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ نے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ کانفرنس کی جس میں باہمی تعاون سے جڑے مختلف موضوعات پر دونوں وزرا نے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایران کے وزیر داخلہ احمد وحیدی نے بتایا کہ عراق نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ فلسطین کے مسئلہ کے پیش نظر اس سال اربعین واک کا سلوگن کربلا طریق الاقصیٰ ہو گا یعنی کربلا مسجد الاقصیٰ کا راستہ۔
ایران کے وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس اربعین کے موقع پر گزشتہ برس کی طرح ایرانی شہریوں کے لئے خصوصی پاسپورٹ جاری کیا جائے گا اور انہیں عراق جانے کے لئے ویزا کی ضرورت نہیں ہو گی۔
انہوں نے بتایا کہ ایران میں مقیم غیر ملکی زائرین گزشتہ برس کی طرح ہی عراق کا سفر کر سکیں گے جبکہ ایران کے راستے عراق جانے والے افغانستان و پاکستان کے شہریوں کے لئے کچھ محدودیتیں ہیں جن کے بارے میں عراقی وزیر کا کہنا ہے کہ اُن محدودیتوں سے مذکورہ ممالک کو آگاہ کر دیا جائے گا۔
عراق کے وزیر داخلہ عبدالامیر الشمری نے بھی اس پریس کانفرنس میں ملاقات کے دوران موضوع گفتگو بننے والے موضوعات کا ذکر ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سرحدوں کا کنٹرول اور منظم جرائم سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عراقی حکومت زائرین کے لئے مناسب رہائش کا بندوبست کرنے کے علاوہ زائرین کو درکار تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کی حتی الامکان کوشش کرے گی، عتبہ حسینیہ (ع) نے زائرین کے استقبال کے لیے ایک بڑا کمپلیکس بھی تیار کیا ہے۔
عراقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ گرم موسم کی وجہ سے ہمارے اندازے کے مطابق زیادہ تر زائرین رات کے وقت اربعین مارچ کی مسافت طے کریں گے۔