فلسطین کی ایک ایک انچ زمین واپس لی جائگی، سلامتی کونسل میں فلسطینی نمائندے کا اہم بیان
اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے واشگاف لفظوں میں یہ کہا ہے کہ فلسطینی سرزمین کا ایک انچ حصہ بھی صیہونی حکومت کے قبضے میں نہیں چھوڑا جائے گا۔
سحر نیوز/ عالم اسلام: غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے امریکہ کی پیش کردہ قرارداد کی منظوری کے بعد فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد کی ذمہ داری اب نسل کشی کرنے والی اسرائیلی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام جنگ بندی کی قرارداد پر عمل درآمد کے منتظر ہیں اور ساتھ ہی وہ غزہ میں جرائم کے مرتکب افراد کے خلاف انصاف اور احتساب کے لیے کوشاں ہیں۔
دوسری جانب حماس کی عسکری شاخ القسام نے رفح میں صیہونی دہشتگردوں کے ایک مرکز کو نشانہ بنایا۔ اطلاعات کے مطابق القسام کے جوانوں نے رفح میں واقع الشابورہ کیمپ میں ایک ایسے مکان کو دھماکے سے اڑا دیا جس میں متعدد صیہونی فوجی چھپے ہوئے تھے۔ بعض صیہونی ذرائع کے مطابق پیر کے روز ہونے والے اس آپریشن میں چار صیہونی دہشتگرد ہلاک اور دس زخمی ہو گئے جن میں سے چھے کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
اُدھر اقوام متحدہ کی امدادی تنظیم انروا نے غزہ کی تباہی کو ناقابل بیان قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پورے غزہ کی آدھی عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔