Jun ۱۲, ۲۰۲۴ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • رفح میں اسرائیلی بکتر بند گاڑی بم دھماکے سے تباہ، کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی

فلسطینی کی تحریک استقامت کے مختلف گروہوں نے غزہ کے اطراف میں صیہونی حکومت کے ناحل عوز فوجی مرکز کو مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطین کی تحریک فتح سے وابستہ الاقصی بریگیڈ نے اعلان کیا ہے کہ جہاد اسلامی فلسطین کے فوجی بازو سرایا القدس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں ناحل عوز فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ۔ الاقصی بریگیڈ نے اسی طرح اعلان کیا ہے کہ غزہ کے جنوب میں نتساریم علاقے میں صیہونی حکومت کے فوجی ہیڈ کوارٹر کو بھی ایک سو سات قسم کے دو راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا ۔

شہید القاسم کے مجاہدین نے بھی اعلان کیا ہے کہ رفح شہر میں الشابورہ کیمپ میں غاصب صیہونی حکومت کی ایک بکتر بند گاڑی کو بم دھماکہ کر کے تباہ کر دیا جس میں کئی صیہونی فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔

صیہونی ذرائع نے بارہا اعتراف کیا ہے کہ صیہونی حکومت اپنے فوجیوں کے جانی نقصان اور تعداد کے بارے میں خبروں کو بری طرح سے سینسر کرتی رہی ہے جس کی وجہ، صیہونی فوج کے اس جنگ میں بھاری جانی نقصان کی پردہ پوشی اور مقبوضہ فلسطین میں اس طرح کے جانی نقصان پر اندرونی طور پر سامنے آنے والے ردعمل سے پایا جانے والا خوف و ہراس ہے۔

ان ذرائع نے اس سے قبل انکشاف کیا تھا کہ صیہونی حکومت اپنے زخمی فوجیوں کی جس تعداد کا اعلان کرتی ہے وہ اسپتالوں میں موجود زخمی صیہونی فوجیوں کی تعداد سے مطابقت نہیں رکھتی اور اسپتالوں میں زیر علاج زخمی صیہونی فوجیوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے کہ جس کا اعلان کیا جاتا ہے۔

اسرائیل کے ٹی وی چینل بارہ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ صیہونی حکومت نے اسپتالوں کے عہدیداروں سے کہا ہے کہ فوج سے ہم آہنگی کے بغیر کسی بھی قسم کے اعداد و شمار بتانے سے گریز کریں۔

 

ٹیگس