Jun ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۸:۴۸ Asia/Tehran
  • صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید جھڑپیں 2 اسرائیلی جنگی قیدی ہلاک

استقامتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی میں تقریبا ڈھائی سو صیہونی گرفتار ہوئے ہیں ۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے سنیچر کو اعلان کیا کہ اس نے مشرقی شہر رفح میں الیاسین راکٹ سے ڈی نو ماڈل کا ایک اسرائیلی بلڈوزر کو تباہ کردیا۔ اس علاقے میں صیہونی فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔

میڈیا ذرائع نے آج صبح رپورٹ دی ہے کہ غزہ کے اطراف میں صیہونی حکومت کے کیسوفیم فوجی اڈے پر حماس کے القسام فوجی بریگيڈ کے میزائلی حملے کے نتیجے میں صیہونی فوجی اڈے میں آگ لگ گئی ہے۔

القسام بریگیڈ نے بتایا ہے کہ رفح پر صیہونی فوج کے حملے میں دو اور اسرائیلی جنگی قیدی ہلاک ہوگئے۔ حماس کے فوجی بازو عزالدین القسام بریگیڈ نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح پر گزشتہ چند دنوں کے حملوں میں دو اسرائیلی ہلاک ہوگئے ہیں ۔

القسام بریگیڈ نے صیہونی جنگی قیدیوں کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج تمہیں دھوکہ دے رہی ہے، اس نے تمہیں دھوکہ دینے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

حماس کے فوجی بازو القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ غاصب حکومت کی کابینہ چاہتی ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کی واپسی تابوت میں ہی ہو۔

القسام بریگيڈ نے آخر میں خبردار کیا ہے کہ وقت بہت تیزی کے ساتھ ختم ہورہا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ استقامتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی میں تقریبا ڈھائی سو صیہونی گرفتار ہوئے ہیں ۔ استقامتی فلسطینی محاذ نے کچھ صیہونی جنگی قیدیوں کو انسان دوستانہ بنیاد پر آزاد کردیا ہے، کچھ قیدیوں کے تبادلے میں رہا ہوئے ہیں اور کچھ غاصب صیہونی حکومت کی انتہا پسند کابینہ کی بے توجہی کے نتیجے میں غزہ پر غاصب فوجیوں کے حملوں میں ہلاک ہوگئے ہیں۔

غاصب صیہونی حکومت نے غزہ کے علاقے رفح پر ایسی حالت میں حملے شروع کئے کہ صیہونی جنگی قیدیوں کے لواحقین نے اس کو خبردار کیا تھا کہ رفح پر حملہ فلسطینیوں کے پاس موجود ان کے جنگی قیدیوں کے قتل کا پروانہ صادر کرنے کے مترادف ہے۔

ٹیگس