Jun ۱۷, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عید الاضحیٰ

آج ایران پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عید الاضحیٰ اپنے تمام تر مذہبی جوش و جذبے کے ہمراہ منائی جا رہی ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: اسلامی کیلینڈر کے آخری مہینے ذی الحجہ کی آج دس تاریخ ہے جو ایک نہایت مبارک اور محترم دن کے بطور دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ آج کے دن فرزندان اسلام عید کی خوشی میں جہاں اپنے معبود کی بارگاہ میں شکرانے کے بطور جابجا سربسجود نظر آ رہے ہیں وہیں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے وہ اپنے رب کی خوشنودی کی خاطر قربانی بھی کر رہے ہیں۔
شہر بہ شہر، قریہ بہ قریہ اور جابجا نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات چشم نوازی کرتے نظر آ رہے ہیں کہ جہاں نئے اور صاف ستھرے لباس میں ملبوس فرزندان اسلام ایک دوسرے سے گلے مل کر اپنے درمیان جذبہ برادری کو صیقل کرتے ہوئے کینے کدورت سے دلوں کو پاک کر رہے ہیں۔ جہاں ایک ننہے بچے اپنے بڑوں سے عیدی لینے کو بے تاب ہیں وہیں خاندان کے بزرگ افراد بھی اپنے بچوں کو عیدی کے ساتھ ساتھ سعادتمندی کی دعائیں دینے کے مشتاق ہے۔
ایران پاکستان اور ہندوستان کے اعلیٰ حکام نے بھی اپنے عوام کے ساتھ ساتھ عید منا رہے دیگر ممالک کو ہدیہ مبارکباد پیش کی ہے۔ اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں عید الاضحیٰ منانے والوں کے لئے تہنیتی پیغام جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب سمیت بعض عرب اور غیر عرب ممالک میں گزشتہ روز عید الاضحیٰ منائی گئی۔

ٹیگس