غزہ کی تباہ کن صورتحال پر اقوام متحده کا انتباه
فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی نمائندہ فرانسسکا البانیز نے غزہ کی تباہ کن صورتحال کو مزید خراب بتاتے ہوئے اس پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلسطینی علاقوں میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی نمائندہ خاتون نے غزہ کی المناک صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ کے لیے انسانی امداد کے قافلوں کو نشانہ بناتا ہے اور ان تک رسائی حاصل کرنے سے روکتا ہے۔
فرانسسکا البانیز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلسطینی برادری کو انیس و اڑتالیس سے عالمی برادری کی جانب سے خیانت اور دھوکے کا سامنا ہے۔
دوسری جانب امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی ڈائریکٹر سمانتھا پاور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں انسانی صورتحال بڑی دشوار بن گئی ہے اور جو بائیڈن اسے جہنم قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں جنگ کے باعث وہ اپنے فرائض انجام نہیں دے پا رہی ہیں, امدادی ٹرکوں کی قلیل تعداد ہی غزہ پہنچ پا رہی ہے۔ امریکن انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایجنسی کی ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ رفح کراسنگ کی بندش اور شہریوں کی نقل مکانی نے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ پیدا کر دی ہے۔