کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم سرغنہ ہلاک
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کا اہم سرغنہ عبدالمنان عرف حکیم اللہ افغانستان میں ہلاک ہوگیا۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ افغانستان کے صوبے کنڑ کے ضلع اسد آباد کے علاقے چاغا سرائے میں فائرنگ کے نتیجے میں عبدالمنان عرف حکیم اللہ ہلاک ہوا۔
ہلاک دہشتگرد کالعدم ٹی ٹی پی ملاکنڈ شُوریٰ کا سابق ممبر جبکہ ملاکنڈ کے کمانڈر عظمت اللہ محسود (عظمت لالہ) ولی کا معاون اور باجوڑ میں دہشت گردی کی کارروائیاں ترتیب دینے اور دہشت گردی کی مختلف سنگین کارروائیوں میں ملوث تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالمنان باجوڑ میں دہشت گرد کارروائیاں تشکیل دینے میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا، اس نے 2007ء میں ٹی ٹی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اطلاعات کے مطابق اس کے علاوہ حکیم اللہ ٹارگٹ کلنگ، بارودی سرنگ کے دھماکے، چیک پوسٹوں پر فائرنگ اور بھتہ خوری کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالمنان کی ہلاکت کو کالعدم ٹی ٹی پی کے لیے ایک بڑا نقصان اور اسے افغانستان کے اندر سرگرم مختلف مسلح گروہوں کے اندرونی تنازعات کا شاخسانہ قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والی تنظیموں میں ٹی ٹی پی سرِ فہرست ہے، اور پاکستان میں دہشتگردانہ سرگرمیاں افغان سرزمین سے ہو رہی ہیں جبکہ افغانستان کی حکومت اس قسم کے دعووں کی تردید کرتی ہے۔