Jun ۲۵, ۲۰۲۴ ۱۴:۴۹ Asia/Tehran
  • غزہ پر صیہونیوں کے حملے، شہدا کی تعداد میں اضافہ

غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے فضائی حملوں میں آج بھی درجنوں فلسطینیوں کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔

سحرنیوز/عالم اسلام: پریس ذرائع کا کہنا ہے کہ غزہ کے مغرب میں واقع علاقے پر مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج کے آج کے حملے میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بہن شہید ہو گئیں۔ الشاطی کیمپ پر ہونے والی صیہونی جارحیت میں تیرہ افراد شہید ہوئے ہیں جن میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی بہن بھی شامل ہیں۔ غزہ کے خلاف صیہونی جارحیت میں اب تک اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے کافی افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں ان کے بیٹے، پوتے نواسے اور دیگر رشتے دار شامل ہیں۔
صیہونی فوج نے الدرج اور الشاطی کیمپ میں آنروا کے دو اسکولوں پر بھی حملہ کیا جن میں دس سے زائد فلسطینی شہید اور دسیوں دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔ صیہونی فوج نے اسی طرح النصیرات کیمپ میں ایک فلسطینی کے گھر کو جارحیت کا نشانہ بنایا جس میں ایک ہی گھرانے کے پانچ افراد شہید ہوگئے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ منگل کی صبح سے غزہ کے مختلف علاقوں پر وحشیانہ حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد چھتیس سے تجاوز کرگئی ہے۔ غزہ کے خلاف بے نتیجہ صیہونی جارحیت تقریبا گذشتہ نو مہینوں سے جاری ہے جبکہ غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت مسلسل جاری ہے جس میں صرف عام شہریوں کا بہیمانہ قتل عام اور شہری و بنیادی تنصیبات تباہ ہو رہی ہیں اور فلسطینی عام شہریوں کو قحط و بھوک مری کا سامنا ہے۔

ٹیگس