Jun ۲۸, ۲۰۲۴ ۱۴:۳۵ Asia/Tehran
  • حزب اللہ کا صیہونی فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ ، بیریا کے جنگلات میں آگ لگ گئی

قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت کے خلاف استقامتی محاذ کی کارروائیاں جاری ہیں۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: حزب اللہ لبنان نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ شمالی فلسطین میں بیریا صیہونی فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ۔ حزب اللہ لبنان کے اس حملے کے نتیجے میں بیریا کے جنگلات میں آگ لگ گئی۔

اس سے قبل یمن کی مسلح افواج نے عراق کی تحریک استقامت کے ساتھ مل کر دو کامیاب مشترکہ کارروائیوں میں صیہونی حکومت کے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ۔

مقبوضہ فلسطین کی غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ کے مظلوم عوام اور فلسطینی عام شہریوں کو گذشتہ نو ماہ سے وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کے باوجود، وہ سالوں سے محصور غزہ میں تحریک استقامت کو دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکی بلکہ اس کا کوئی مقصد بھی پورا نہیں ہو سکا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ عالمی ادارہ صحت نے غزہ سے ہزاروں زخمی فلسطینیوں اور بیماروں اور خاصطور سے عورتوں اور بچوں کو باہر منتقل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ ان کا علاج و معالجہ ہو سکے۔

عالمی ادارہ صحت کے بحیرہ روم کے مشرقی علاقے کے شعبے کے سربراہ حنان بلخی نے جمعرات کی رات اپنے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ گذشتہ سال سات اکتوبر سے جاری صیہونی جارحیت کے بعد سے اب تک تیرہ ہزار آٹھ سو بہتر افراد علاج و معالجے کے لئے غزہ سے باہر منتقل ہونے کی درخواست دے چکے ہیں اور عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے صرف پینتیس فیصد افراد ہی کو باہر منتقل کیا جا سکا ہے۔

غزہ میں فلسطین کی وزارت صحت نے بھی ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد سینتیس ہزار سات سو پینسٹھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

ٹیگس