Jun ۲۹, ۲۰۲۴ ۱۸:۵۴ Asia/Tehran
  • آخر دنیا اتنی بے رحم کیوں ہو گئی ہے؟ غزہ میں ہر دن درجنوں بچوں کی شہادت پر گونگی بہری بن چکی امریکی اور مغربی حکومتیں!

فلسطینی وزارت صحت نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو اس علاقے کے باشندوں کے خلاف صیہونی حکومت کی فوج کی جنگ کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد بڑھ کر 37,834 ہو گئی ہے۔

سحر نیوز/ عالم اسلام: فلسطینی وزارت صحت نے اس علاقے میں شہداء اور زخمیوں کی تعداد کے بارے میں اپنی روزانہ کی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوج نے 24 گھنٹے کے اندر غزہ پٹی میں فلسطینیوں کے خلاف تین جرائم کیے اور ان جرائم کے نتیجے میں 40 افراد شہید اور 224 زخمی ہوئے۔ وزارت نے مزید کہا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے  اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 37,834 ہوگئی ہے جبکہ  86 ہزار 858 فلسطینی زخمی ہوئے۔

اسی دوران فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد تاحال تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ دہشتگرد اسرائیل کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ سب سے زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ انسانی حقوق اور بچوں و خواتین کے حقوق کے نام پر ہائے توبہ مچانے والے ممالک، خاص طور پر امریکہ اور مغربی ممالک اسرائیل کی دہشتگردی پر نا صرف خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں بلکہ کھل کر غاصب صیہونی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔

ارنا کے مطابق صیہونی حکومت کے غزہ کی پٹی پر جارحیت کے آٹھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود یہ حکومت کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے بلکہ اپنے اندرونی اور بیرونی بحرانوں میں مزید دھنستی چلی جا رہی ہے۔ اس عرصے میں قابض حکومت نے اس خطے میں قتل عام، تباہی، جنگی جرائم، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی، امدادی تنظیموں پر بمباری اور قحط کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کیا۔

 

ٹیگس